یلاپور:24؍اگست(ایس اؤ نیوز) کانگریس میں شامل ہونے کا اشارہ دینے پر سرکاری ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے صدارتی عہدے سے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی وی ایس پاٹل کو عہدہ سے برخاست کردیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت نے اس تعلق سے حکم نامہ جاری کیا ہے۔ لیکن عہدے سے ہٹائےجانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی ہے۔
سابق رکن اسمبلی وی ایس پاٹل پچھلے کچھ دنوں سے کہہ رہے تھے کہ بی جے پی میں ان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ اسی طرح وہ کہہ رہے تھے کہ اگلے چند ہی دنوں میں کانگریس میں شامل ہونےکی مصدقہ جانکاری دیں گے۔
یلاپور کے سابق رکن اسمبلی وی ایس پاٹل اگلے ودھان سبھا انتخابات میں بی جے پی سے ٹکٹ کے امیدوار تھے۔ لیکن بی جےپی لیڈران کی طرف سے کوئی تیقن نہ ملنے کی وجہ سے بیزار چل رہے تھے۔ اس تعلق سے انہوں نے اخبارنویسوں کو بتایا تھا کہ کانگریس میں شامل ہوتے ہی کارپوریشن کی صدارت سے استعفیٰ دے دیں گے۔
صدارت سے برخاست کئے جانے کے بعد انہوں نے بتایا کہ صدارت سے برخاست کرکے میرے حق میں بہتر ہی ہواہے ورنہ ان کے احسان تلے رہنا ہوتا، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب کانگریس میں شمولیت کا راستہ صاف ہوگیا ہے۔